تازہ ترین

بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی سروس میں واپسی ، مگ 21 بھی اُڑایا

بھارتی-پائلٹ-ابھی-نندن-کی-سروس-میں-واپسی-،-مگ-21-بھی-اُڑایا

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈرابھی نندن نے سروس میں واپسی کے بعد اپنی پوزیشن سنبھال لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے آج مگ 21 طیارہ اُڑایا ۔ اس موقع پر دوران پرواز اُن کے ہمراہ بھارتی فضائیہ کے ائیر چیف مارشل بی ایس دھنووا بھی موجود تھے۔  بھارتی میڈیا نے اس خبر کو بریکنگ نیوز کے طور پر چلایا اور کہاکہ ابھی نندن کے مگ 21 طیارہ اُڑانے کی خبر کا مطلب ہے کہ انہوں نے جو کچھ برداشت کیا اُس کے بعد بھارتی فضائیہ اُن کے ساتھ کھڑی ہے اور اُن کو ایک ہیرو کی طرح دیکھتی ہے۔بھارتی میڈیا نے ایک مرتبہ پھر سے دعویٰ کیا کہ 27 فروری کو ابھی نندن نے پاک فضائیہ کا ایف سولہ طیارہ مار گرایا تھا۔ بھارت واپسی کے بعد سے ابھی نندن زیر علاج تھا جس کے بعد حال ہی میں اسے طیارہ اُڑانے کے لیے فِٹ قرار دیا گیا ۔ بھارتی میڈیا نے ابھی نندن کو بہادر ترین پائلٹ قرار دے دیا اور کہا کہ ابھی نندن کی رہائی پر کہا جا رہا تھا کہ چونکہ وہ پاک فوج کی حراست میں رہے لہٰذا اب انہیں طیارہ اُڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی لیکن بھارتی فضائیہ نے ثابت کر دیا کہ وہ اپنے بہادر پائلٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے بھارت کے ریٹائرڈ ائیر مارشل پی کے باربورا کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کی واپسی میرے لیے باعث فخر اور مسرت ہے۔ میرے خیال میں کہ سروس میں واپسی پر ابھی نندن مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی نندن کو واپس لا کر ائیرچیف مارشل نے ایک اچھا تاثر دیا جس سے بھارتی جوانوں کا مورال بلند ہو گا۔ انہوں نے پاکستان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے پائلٹ کو ویلکم کیا، ہم پاکستان کی طرح نہیں ہیں جو اپنے شہدا کے بارے میں بات ہی نہیں کرتے۔ ہم مرنے والوں کی بات بھی کرتے ہیں اور بچ جانے والوں کو سپورٹ بھی کرتے ہیں۔ کیونکہ ہم پاکستان کی آرمی ، نیوی اور فضائیہ کی طرح نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں 14 فروری کو ایک کار خود کش دھماکے میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے جس کا الزام بھارت نے براہ راستپاکستان پر عائد کیا تھا۔پلوامہ واقعے کے بعد صورتحال کشیدہ ہوئی اور 26 فروری کی رات بھارتی فضائیہ نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فضائیہ کی بروقت جوابی کارروائی پر بھارتی طیارے بالاکوٹ کے قریب نصب ہتھیار پھینکتے ہوئے بھاگ نکلے تھے۔ جس کے بعد بدھ کی صبح 27 فروری کو پاک فضائیہ نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو بھی گرفتار کر لیا گیا تھا۔پاک فوج نے ابھی نندن کو مشتعل ہجوم سے بچایا اور حراست میں لے لیا تھا۔ پاک فوج نے ابھی نندن کا علاج بھی کروایا۔ جس کے بعد 28 فروری کوپارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان عمران خان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ہمبھارتی پائلٹ کو امن کے فروغ کے لیے جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے اس فیصلے کو نہ صرف پاکستان اور بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی خوب سراہا گیا تھا۔ جمعہ کے روز یکم مارچ کو بھارتی پائلٹ ابھی نندن کوپاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت واہگہ بارڈر پر بھارت کے حوالے کر دیا تھا۔ بھارتی فضائیہ نے پاک فوج کی حراست میں رہنے والے پائلٹ کو ہیرو بنا کر پیش کیا تھا جبکہ 15 اگست کے موقع پر ابھی نندن کو ویر چاکرا ایوارڈ بھی دیا گیا ۔ تاہم اب ابھی نندن کی سروس میں واپسی ہو گئی ہے جس کے تحت ابھی نندناور بھارتی فضائیہ کے ائیرچیف مارشل نے مل کر مگ 21 طیارہ بھی اُڑایا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں