اسلام آباد: تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی میجر آصف غفور نے بتایا کہ بھارتی میڈیا جھوٹے پروپیگنڈے میں مصروف ہو گیا ہے، بھارتی میڈیا نے مبینہ کیمپس کونشانہ بنانے کا جھوٹا دعویٰ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اخلاقی جرات سے پاک فوج کی جوابی کارروائی کے نقصانات سامنے لائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں صورت حال تک رسائی دینے کی بھی جرات کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے تمام جھوٹے دعوے منطقی انجام تک پہنچ چکے ہیں۔ ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ حالیہ فائرنگ کے تبادلے میں پاکستان کے نقصان سے متعلق بھارت کا یہ جھوٹا دعویٰ بھی اپنے انجام تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پاکستانی میڈیا سے زمہ دارانہ رپورٹنگ سیکھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت نےمبینہ کیمپوں کےجعلی دعوؤں میں جان ڈالنے کیلئے شہریوں کو نشانہ بنایا۔پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوئے، جبکہ بھارتی فائرنگ سے پاک فوج کا ایک سپاہی اور6 شہری شہید ہوئے، بھارت کو اپنے فوجیوں کی لاشیں اٹھانے کیلئے سفید جھنڈا لہرانا پڑا۔ اتوار کو ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کے مطابق بھارتی افواج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جوڑا، شاہکوٹ اور نوشیری میں بلا اشتعال فائرنگ کر دی ، بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا ۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی لانس نائیک زاہد اور پانچ شہری شہید ، پاک فوج کے دوجوان اور تین شہری زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے موثر جوابی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے موثر جواب سے دو بھارتی بنکرز تباہ ہوگئے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارت مبینہ کیمپوں کے جعلی دعوؤں میں جان ڈالنے کیلئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارتی بلا اشتعال کارروائی کے باعث زخمی ہونے والوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ بھارتی فوج کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا ہمیشہ بھرپور جواب ملے گا۔ پاک فوج لائن آف کنٹرول کے ساتھ وہاں آباد شہریوں کی مکمل حفاظت کرے گی اور بھارتی فوج کو اپنے اقدام پر بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی اپنے ہلاک اورزخمی فوجیوں کواٹھانے کی کوششیں کرتے ہوئے سفید جھنڈا لہرا دیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا بھی کہنا تھا کہ بھارتی فوج شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ بھارتی حکومت اور فوج کو جھوٹ بولنے پر شرم آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے ایل او سی پر5 کلو میٹر کے علاقے میں 6 لاکھ سے زائد آبادی ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر بھارتی اشتعال انگیزی کو نہ روکا گیا تو اس طرح کے واقعات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ یہ سفاکیت کی انتہا ہے، دنیا کو اس پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔