تازہ ترین

بھارتی مسلمانوں پر تشدد نے قائداعظم کا ویژن درست ثابت کر دیا : مشاہد حسین, فخر امام

بھارتی-مسلمانوں-پر-تشدد-نے-قائداعظم-کا-ویژن-درست-ثابت-کر-دیا-:-مشاہد-حسین,-فخر-امام

با نی پاکستان کی جدو جہد کی بدولت آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، نئی نسل کوقائد کے افکار سے روشناس کرانا اشد ضروری ہے سرتاج عزیز ،رضاربانی، شبلی فراز، راجہ ظفر الحق و دیگر کا قرارداد پاکستان کے 80سال مکمل ہونے پر پپس میں منعقدہ تقریب سے خطاب اسلام آباد : قائداعظم محمد علی جناح نے ہندوتوا کے نظریہ سے متعلق قیام پاکستان سے قبل خبردار کیا تھا، ان کی قیادت میں مسلم لیگ نے برصغیر کے مسلمانوں کے مسائل کا بروقت ادراک کیا ،قرارداد پاکستان نے علیحدہ وطن کے مطالبے کو دوام بخشا اور اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور کردیا۔بھار تی مسلمانوں پر تشدد نے قائداعظم کا ویژن درست ثابت کر دیا۔ قائداعظم کا شکر گزار ہونا چاہئے ، آج ہم آزاد ملک میں سانس لے رہے ہیں، نئی نسل کوقائد کے افکار، جدوجہد سے روشناس کرانا اشد ضروری ہے ۔ ان خیالات کااظہار سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امورخارجہ کے چیئر مین مشاہد حسین سید، مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سرتاج عزیز ، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخرامام ، سابق چیئر مین سینیٹ رضاربانی ، راجہ ظفرالحق اوردیگر مقررین نے قرارداد پاکستان کے 80 سال مکمل ہونے کی مناسبت سے پیر کو پاکستان ادارہ برائے پارلیمانی خدمات (پپس) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔۔ تقریب کی صدارت مشاہد حسین سید نے کی۔ اس موقع پر ا نہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو ان خطرات سے آگاہ کردیا تھا جن کا سامنا آج بھارت میں رہنے والے مسلمان کررہے ہیں ۔ آج ایک آزاد ملک میں سانس لینے پر پوری قوم قائد اعظم اور ان کے ساتھیوں کی شکرگزار ہے ۔ سرتاج عزیز نے کہاکہ قرارداد پاکستان پیش کرنے میں قائداعظم محمد علی جناح کا اہم کردار تھا، برطانوی سامراج کویہ باورکرانا کہ مسلم لیگ ہی مسلمانوں کی صحیح ترجمان ہے ، قائد کیلئے ایک بڑا چیلنج تھا جس میں وہ سرخرو ہوئے ۔ فخرامام نے کہاکہ مسلمانوں کو معاشی اورسیاسی مواقع کی یکساں فراہمی قائد اعظم کا خواب تھا، پاکستان اسی خواب کی تعبیر ہے ، گورداس پور سازش کے تحت بھارت کو نہ دیا جاتا تو مقبوضہ کشمیر آج پاکستان کا حصہ ہوتا، نئی نسل کوقائد کے افکار اوران کی سیاسی جدوجہد سے روشناس کرانا اشد ضروری ہے ، قرار داد لا ہو ر نے اکھنڈ بھارت کا خواب چکنا چور کردیا ۔ راجہ ظفرالحق نے کہاکہ ایشیا کی تاریخ میں قائد جیسے مدبر و مستقل مزاج لیڈر کی مثال نہیں ملتی ۔ ہمیں بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو بہتر بناناہوگا۔ تقریب کے اختتام پر مشاہد حسین سید نے شرکا کو شیلڈز دیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ بنا ۔قائداعظم محمد علی جناح کا ویژن آج بھارت کے تناظر میں درست ثابت ہوا ہے ، سینیٹر میاں رضا ربانی نے کہا کہ قرارداد لاہور نے ہندوستان اور دنیا کی تاریخ کو تبدیل کر کے رکھ دیا ۔قائداعظم کا قد مہاتما گاندھی سے کہیں زیادہ ہے ۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں