بنوں میں امن کیلئے بڑا اقدام، امن کمیٹی اور پولیس میں معاہدہ ہوگیا

شائع شدہ تاریخ 31 اگست, 2026
بنوں-میں-امن-کیلئے-بڑا-اقدام،-امن-کمیٹی-اور-پولیس-میں-معاہدہ-ہوگیا

معاہدے کے تحت امن کمیٹی کے ارکان دہشت گردی کے خلاف پولیس اور سی ٹی ڈی کے ساتھ مکمل تعاون کے پابند ہوں گےجبکہ پولیس اور امن کمیٹی مشترکہ طور پر قیامِ امن کے لیے کام کریں گے۔

معاہدے کی دستاویز پر پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی شیرافضل مروت، نسیم علی شاہ اور رکن خیبرپختونخوا اسمبلی پختون یار اور امن کمیٹی کے صدر حضرت اللہ کے دستخط موجود ہیں ۔ 

جیو نیوز نے کو حاصل معاہدے کی کاپی کے تحت امن کمیٹی کے ارکان مشکوک سرگرمیوں اور دہشت گردوں سے متعلق معلومات فوری طور پر پولیس کو فراہم کریں گے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ 

امن کمیٹی ارکان کو قانون ہاتھ میں لینے،غیر قانونی سرگرمیوں اور پولیس کے خلاف کسی بھی قسم کی مزاحمت سے گریز کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ 

معاہدے میں پولیس کی جانب سے امن کمیٹی کے ارکان کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اقدامات کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے، کمیٹی ارکان عوام میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس سے تعاون کریں گے ۔ پولیس اور امن کمیٹی کے درمیان کسی بھی اختلاف کی صورت میں معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ امن کمیٹی کے ارکان کے جائز مسائل کے حل کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔ 

معاہدے میں پولیس اور امن کمیٹی نے بنوں میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کےلیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا ہے۔