بلوچستان : اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید 15دن کی توسیع
شائع شدہ تاریخ 01 جولائی, 2020
بلوچستان حکومت نے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں مزید 15 دن کی توسیع کردی جس میں ماسک کا استعمال اور سوشل ڈسٹینسنگ کی پابندی برقرار رہے گی۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران تمام مارکیٹیں، دکانیں اور شاپنگ مالز صبح 9 بجے سے شام 7 بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ، سرکاری دفاتر و دیگر شعبے اسمارٹ لاک ڈاون کے سابقہ فیصلوں کے مطابق فعال رہیں گے۔ بروز جمعہ مکمل لاک ڈاؤن ہوگا جبکہ اشیائے خورونوش، میڈیکل اسٹورز، بلڈ بینک، تندور اور ہوٹل ٹیک اوے سروس 24 گھنٹے پورا ہفتہ کھلے رہیں گے۔ یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کرونا وائرس کے 13 لاکھ ٹیسٹ، 2 لاکھ 13 ہزار مثبت، 1 لاکھ صحت یاب اسمارٹ لاک ڈاﺅن کے تحت مذہبی، سیاسی و دیگر اجتماعات پر مکمل پابندی برقرار رہے گی۔ عوامی مقامات، دفاتر اور دکانوں پر ماسک کا استعمال لازمی ہوگا۔ صوبے کے تمام تعلیمی ادارے 15 جولائی تک بند رہیں گے۔ تفریحی مقامات، سینما گھر، کھیلوں کے میدان، شادی ہالز اور جمز پر پابندی بھی برقرار رہے گی۔