وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے مالیکیولر بیالوجسٹ عندلیب حنیف کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں بطور انعام ایک لاکھ روپے کا چیک پیش کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے مالیکیولر بیالوجسٹ عندلیب حنیف نے ملاقات کی،عندلیب حنیف پنجاب حکومت کی کوروناٹیسٹنگ کی مرکزی لیب میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے عندلیب حنیف اور لیب کے دیگر عملے کی کورونا ٹیسٹنگ کے لیے خدمات کو سراہا، صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نےعندلیب حنیف کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب حکومت کی کورونا ٹیسٹنگ لیب کے عملے کو اضافی بنیادی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے اوپن ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو ہر ماہ اضافی تنخواہ دیں گے، کورونا کی ٹیسٹنگ کے دوران عملے کو اضافی تنخواہ ملتی رہے گی۔عثمان بزدار نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ لیبارٹری میں کام کرنے والے عملے کی محنت کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ لیب میں کام کرنے والے عملے کو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیں گے، یہ امتحان کی گھڑی ہے، جانفشانی سے اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں۔