برازیل : برازیل کی معروف گلوکارہ ماریلیا مینڈونسا طیارہ حادثہ میں ہلاک ہوگئیں۔ فصیلات کے مطابق برازیل میں ایک چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے میں معروف گلوکارہ سمیت 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق 26 سالہ گلوکارہ ، کمپوزر ماریلیا مینڈوس کی موت نے مداحوں کو غم میں مبتلا کردیا ۔ حادثے میں گلوکارہ سمیت ان کی کی پروڈیوسر ، قریبی عزیز اوردوپائلٹس ہلاک ہوئے ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق حکام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہیں۔ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہوائی جہاز زمین سے ٹکرانے سے قبل کمپنی کی ملکیت بجلی کی تقسیم لائن سے ٹکرایا تھا۔ گلوکارہ کی موت نے جہاں سارے ملک کو افسردہ کردیا ہے ، وہیں برازیل کے صدر جیر بولسونارو نے ٹوئٹر پر کہا کہ اس خبر سے پورا ملک غم زدہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مینڈوسا آج کی نسل کے عظیم ترین فنکاروں میں سے ایک ہیں۔ برازیلین صدرنے کہا کہ ہمیں ایسا لگتا ہے جیسے ہم نے اپنے بہت قریبی شخص کو کھو دیا ہے۔ ماریلیا نے 2016 میں کیرئیر کا آغاز کیا ، وہ برازیل میں سب سے زیادہ سنی جانے والی گلوکارہ تھیں اور 2019 کا لاطینی گریمی ایوارڈ اپنے نام کرچکی ہیں ۔