اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری کی بیماری کے معاملے پر پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی خاموشی پر بینظیر بھٹو کی دونوں بیٹیاں دلبرداشتہ ہو گئیں.اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بینظیر بھٹو کی دونوں بیٹیاں آصفہ بھٹو اور بختاور بھٹو آصف زرداری کی بیماری کے معاملے پرپارٹی رہنماؤں کے رویے سے نالاں ہیں۔سابق صدر کے اسپتال نہ جانے اور مناسب ردِعمل نہ دینے پر پارٹی رہنماؤں کی سرزنش بھی کی۔ڈانٹ کے بعد ہی پارٹی سینیٹرز گذشتہ روز پمز اسپتال پہنچے تھے۔آصف زرداری کی بیٹیوں کی رائے ہے کہ مشکل وقت میں منتخب ارکان عہدیدار اور رہنماؤں نے ذمہ داری پوری نہیں کی۔بختاور بھٹو نے متعدد پارٹی رہنماؤں سے فون پر رابطہ کر کے ان کی سرزنش کی۔ بختاور بھٹو کا کہنا تھا کہ ایسے وقت میں جب آپکو سابق صدر کے ساتھ ہونا چاہئیے،آپ جھنڈیاں لہرا رہے ہیں۔خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو پمز اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے جس کے بعد جیل انتظامیہ انہیں اسپتال سے لے کر اڈیالہ جیل روانہ ہو گئی ہے۔ سابق صدر آصف علی زرداری کو میڈیکل بورڈ کی سفارش پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں گذشتہ دنوں ان کے خون اور یورین کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے آنے والی ان کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے انتظامیہ پر اسپتال میں داخل ہونے سے روکنے کا الزام عائد کیا۔انہوں نے پولیس پر الزام عائد کیا کہ پولیس نے مجھے والد سے ملاقات سے روکا اور میرے ساتھ ناروا سلوک کیا۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کی صحت اور زندگی کو خطرات لاحق ہیں۔ اگر انہیں کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔ آصفہ بھٹو کا کہنا تھا کہ سابق صدر کی صحت کو خطرے میں ڈالا جارہا ہے۔ انہوں نے اسپتال آمد پر اپنے ساتھ ہوئے سلوک پر بات کرتے ہوئے کہا کہ میں آجعدالت کی اجازت کے ساتھ اپنے والد سے ملنا چاہتی تھیں مگر پمز انتظامیہ نے مجھے دیکھ کر اسپتال کے دروازے بند کردئیے۔انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ جب میں آج اپنے والد سے ملاقات کے لئے اسپتال پہنچیں تو میں نے دیکھا کہ اسپتال انتظامیہ نے اس دوران کسی مریض کو نہ اندر آنے دیا اور نہ باہر جانے دیا جا رہا ہے۔