تازہ ترین

ایک ماہ سے سندھ حکومت نے کوئی تعاون نہیں کیا: میئر

ایک-ماہ-سے-سندھ-حکومت-نے-کوئی-تعاون-نہیں-کیا:-میئر

وفاق اور سندھ حکومت صرف سیاست کر رہی ہے، ذمہ داریوں پر فائز لوگ دست و گریباں ہیں، کراچی کی تجارت، اسمال انڈسٹری اور کاروبار بچانے کیلئے پالیسی بنائی جائےخدا کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں، عوام پریشان ہیں،کراچی کی معیشت کو کچھ ہوا تو ملکی بجٹ کیسے بنے گا، وسیم اختر، الیکٹرونک مارکیٹ تا سول اسپتال اسپرے مہم کے موقع پر گفتگو کراچی: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ حکومت صرف سیاست کررہی ہے، ذمہ داریوں پر فائز لوگ دست و گریباں ہیں، ان کے بیانات افسوس ناک ہیں ، عوام کو یہ کیا پیغام دیا جارہا ہے، برا وقت آیا تو یہ لوگ قوم کو مایوس کر رہے ہیں، کراچی کی معیشت کو کچھ ہوا تو پاکستان کا بجٹ کیسے بنائیں گے، کراچی کی ٹریڈ، اسمال انڈسٹری اور کاروبار کو بچانے کیلئے پالیسی بنائی جائے ، لیڈر شپ میں سنجیدگی نظر نہیں آرہی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کی شب الیکٹرونک مارکیٹ سے سول اسپتال تک اسپرے مہم کے آغاز کے موقع پر گفتگو میں کہی ۔ سینئر ڈائریکٹر کو آرڈی نیشن مسعود عالم، چیف فائر آفیسر فخر الدین، کراچی الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان، سفیر بٹ، امیر حمزہ، عمر عارف اور الیکٹرونکس مارکیٹ کے عہدیدار و دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ میئر کراچی نے مزید کہا کہ 26 دن سے مارکیٹیں بند ہیں جس کے باعث تاجر، چھوٹی صنعتیں، ٹریڈ، الیکٹرونکس مارکیٹیں اور دیگر کاروبار تباہ ہورہا ہے، حکومت سندھ کوئی پالیسی بنائے اور کوئی پروگرام ترتیب دے تاکہ کراچی کی اکنانومی برباد نہ ہو، اللہ نہ کرے اگر کراچی کی معیشت کو نقصان پہنچا تو پورے ملک کی معیشت برباد ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک ماہ سے کے ایم سی کام کررہی ہے سندھ حکومت سے کوئی تعاون نہیں ملا، صرف میڈیا پر بیانات دیے جا رہے ہیں، خدا کے لئے سر جوڑ کر بیٹھیں، اب صرف لاک ڈاؤن کرنے سے کام نہیں چلے گا، عوام بے انتہا پریشان ہیں، کراچی کے شہریوں کو بے یار و مدد گار چھوڑ دیا گیا ، وفاقی و صوبائی حکومتیں کچھ نہیں کر رہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن مزید بڑھایا گیا تو ہمیں یہ سوچنا ہو گا کہ کاروبار کو کیسے سپورٹ کیا جائے ، یہاں کی ٹریڈ کو بچانے کی پالیسی بنائی جائے ، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ دونوں حکومتیں اسپتالوں کو بہتر بنانے کی بات کرتیں، وینٹی لیٹرز کے انتظامات کئے جاتے ، لوگوں کو راشن فراہم کیا جاتا، کاروبار اور چھوٹی صنعتوں کو کھولنے کی منصوبہ بندی کی جاتی لیکن حکومتی وزرا صرف ایک دوسرے پر الزام تراشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور وفاق کے اختلافات سے مشکلات میں مزید اضافہ ہو گا، کورونا وائرس کے خاتمے اور کاروبار کو بحال کرنے کے لئے جب تک دونوں حکومتیں ایک پیج پر نہیں آئیں گی کچھ نہیں ہو گا۔ میئر کراچی نے کہا کہ شہر کو جراثیم سے پاک کرنے کے لئے فائر بریگیڈ کی گاڑیوں، باؤزرز کے ذریعے اسپرے مہم چلائی جا رہی ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں