حکومت نے مخالفوں کے بازو مروڑ رکھے ہیں ،سربراہ مرکزی جمعیت اہلحدیث مریدکے : مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ سیاسی انتقام میں اندھی حکومت نے مخالف سیاسی جماعتوں کے بازو مروڑ رکھے ہیں اور جیلوں میں ڈال کر جماعتی وابستگیاں تبدیل کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر عدلیہ کے قابل تحسین کردار نے حکمرانوں کی تمام کوششیں ناکام بنا ڈالی ہیں۔ جمہوریت میں ایک جماعتی نظام آمریت کی بد ترین شکل ہے جو ملکی سیاست کیلئے انتہائی خطرناک ہے ۔ مرکزی جمعیت اہلحدیث ضلع شیخوپورہ کے سینئر نائب امیر حافظ عطا الرحمن عامر کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ساجد میر نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار حکومتی سربراہ نے ملک و قوم کی خدمت کرنیوالے سیاسی رہنماؤں کو جیلوں میں ڈال کر اخلاقی اقدار کی بھی دھجیاں بکھیر دی ہیں۔ علامہ ساجد میر نے کہا کہ لسانی بنیادوں پر نئے صوبوں کی کوئی گنجائش نہیں تاہم حکومتی امور کو بہتر طور پر سر انجام دینے کیلئے انتظامی صوبے بنانے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔