اسلام آباد:ایم کیو ایم کے سینئر رہنما وسیم اختر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے تقریر میں ایم کیوایم سے معاہدے کا ذکر نہ کرنے پر شکوہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں رہنما ایم کیو ایم وسیم اختر نے وزیر اعظم شہباز شریف سے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر خطاب میں بےنظیر کارڈ کا اعلان ہوسکتا ہے تو ایم کیوایم کے ساتھ ہوئے معاہدے کا کیوں نہیں؟ اس بات پر احتجاج کرتے پوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے معاہدہ کی وجہ سے ہی آج یہ ساری محفل سجی ہے، معاہدے کی وجہ سے ہی شہبازشریف وزیراعظم بنے ہیں۔ وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ہونے والے معاہدے کا شہبازشریف کی تقریر میں ذکر ہونا چاہیے تھا، اس حوالے سے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کرا لیا ہے۔ دوسری جانب ایم کیوایم کےساتھ صوبائی سطح پر ہونے والے معاہدے سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ نے ناصرشاہ، امتیازشیخ ، سعید غنی اور مرتضی وہاب پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس حوالے سے سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں شامل وزراء معاہدے کے مطابق قانون سازی کا مسودہ تیار کریں گے۔