فیصل آباد: ڈپٹی کمشنر/ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد علی نے کہا ہے کہ ایف ڈی اے کی سروسز کو عوامی توقعات کے مطابق منظم اور تیز رفتار بنایا جارہا ہے اس ضمن میں ایف ڈی اے کے دفاتر میں افسران وسٹاف کی حاضری کویقینی بنانے کے لئے نئی اصلاحات پر عمل کررہے ہیں جس کے مطابق روزانہ صبح 9بجکر پانچ منٹ پر ملازمین کی حاضری رپورٹ طلب کی جاتی ہے تاہم بعض شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ایف ڈی اے کے افسران وسٹاف کی بروقت حاضری کے ساتھ ساتھ ان کے دفتر چھوڑنے کا وقت بھی نوٹ کیا جارہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے عندیہ دیا کہ وہ دفتری اوقات کے اختتام کے قریب افسران وسٹاف کی حاضری چیک کرنے کے لئے اچانک وزٹ کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد شہری تعمیروترقی اور عوامی خدمات کے معیار میں بہتری لانا چاہیے جس کے لئے ملازمین کا تعاون ناگزیر ہے۔