دوبئی : ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا ۔ بھارت کے خلاف میچ جیتنے والی پاکستان ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں۔ رپورٹس کے مطابق وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے منگل کی شام پریکٹس میں حصہ نہیں لیا ہے تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ میچ میں شرکت کریں گے۔ خیا ل رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کیلئے راہ ہموار کرلی ہے ۔ سپر 4 میں سری لنکا دو میچز میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی ، پاکستان ایک میچ میں دو پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ بھارت دو میچز میں ایک بھی پوائنٹ نہیں لے سکا ہے ۔ افغانستان نے اب تک ایک میچ کھیلا ہے جس میں وہ شکست سے دوچار ہوا ۔