پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شمالی علاقہ جات میں اہم شاہراہیں کو ہرقسم کی نقل وحرکت کیلئے برف اور دیگر رکاوٹوں سے کلیئر کردیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق کلڈانہ باڑیاں روڈ کو بھی کلیئر کردیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ فوج کے انجینئرز کی توجہ اب رابطہ سڑکوں کی بحالی پر مرکوز ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ریلیف کیمپ اور طبی سہولتیں مکمل طو رپر فعال ہیں اور متاثرہ علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو منتقل کرنے کیلئے فوج کی نقل و حمل جاری ہے۔ اس کےعلاوہ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے لوگوں کو مری کی جانب سفر نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔ انھوں نے بتایا ہے کہ موسم کی کیفیت تبدیل نہیں ہوئی ہے اور سڑکوں پر جمی برف نے ڈرائیونگ کو مزیدمشکل بنادیا ہے۔ چیف سیکرٹری کامران علی افضل نے یہ بھی بتایا ہے کہ مری میں داخلے کے تمام راستے بند کئے جا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مری سمیت دیگر دیہی علاقوں کی بجلی 4 روز سے معطل ہے، مری کی ایکسپریس وے پر جمی برف کے باعث مزید پھسلن سے مری اسلام آباد جانے والے راستے خطرناک ہوگئے۔ ایکسپریس وے پر مری سے اسلام آباد تک کا سفر مشکل ہوگیا، پھسلن کے باعث گاڑیوں کی روڈ گرپ تقریباً ختم ہوگئی، پائپ لائنوں میں پانی جم جانے سے سیاحوں اور مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ روز ہفتہ 8 جنوری کو سانحہ مری میں اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، پنڈی، مردان اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کو طوفانی برف باری نے موت کی آغوش میں پہنچا دیا۔ سانحے میں جاں بحق افراد کی تدفین ان کے آبائی علاقوں میں کی گئی ہے۔ گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ترجمان کے مطابق گلیات میں مرکزی شاہراہ سے برف ہٹانے کا آپریشن جاری ہے۔ جی ڈی اے کے ترجمان نے بتایا کہ برف ہٹانے کا آپریشن رات بھر جاری رہا، جس کے دوران ایبٹ آباد سے نتھیا گلی اور نتھیا گلی سے باڑیاں تک شاہراہ سے برف ہٹا دی گئی۔ ترجمان جی ڈی اے نے مزید بتایا کہ مرکزی شاہراہ پر نمک کے چھڑکاؤ کے بعد سیاحوں کو روانہ کر دیا جائے گا۔ گلیات ڈیولپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی اے) کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاحوں کا گلیات میں داخلہ تا حکمِ ثانی بند رہے گا۔ این ڈی ایم اے نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ ( این ڈی ایم اے) کا کہنا تھا کہ مری ميں 90 فيصد سڑکوں کو کھول ديا گيا، سڑک کنارے صرف خالی گاڑياں کھڑی ہيں، 371افراد کو آرمی ريليف کيمپوں ميں منتقل کيا گيا، تمام سياحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا کردیا گیا اور پاک افواج، سول ادارے سب نے مل کر ريسکيو کا کام کيا۔ چيئرمين اين ڈی ايم اے کے مطابق سياحوں کی منتقلی میں مقامی افراد نے بھی مدد کی، رات سے قبل ہی محفوظ مقامات پر منتقلی مکمل ہوئی۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس کے انسپکٹر جنرل انعام غنی نے ایک پیغام میں خبردار کیا کہ برفباری کے دوران گاڑیوں کے معاملے میں خصوصی احتیاط برتی جائے۔ ان کے مطابق برف میں گاڑی کا سائلنسر دھنس جائے تو گاڑی میں زہریلی گیس کاربن مونو آکسائیڈ پھیل سکتی ہے، جس کی کوئی بو نہی ہوتی، مری میں اموات کا سبب یہی گیس بنی ہے۔