کراچی: مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے باعث آٹا، دالیں، گھی، چاول، دودھ، انڈے، آلو، چائے اور پیٹرول سمیت روزمرہ زندگی میں استعمال ہونے والی 30 اشیا مزید مہنگی ہوگئی ہیں۔ ادارہ شماریات کی جانب سے جاری ہفتہ وار رپورٹ کے تحت ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں مزید 1 اعشاریہ 32 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے بعد ملک میں مہنگائی کی شرح 33 اعشاریہ 66 فیصد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ جاری رپورٹ کے مطابق ملک میں آٹا، گھی، دالیں، چاول، دودھ، انڈے، آلو، چائے، گرم مصالحہ جات، پیٹرول اور ایل پی جی سمیت 30 بنیادی ضرورت کی اشیا مہنگی ہوئی ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 5 اشیا سستی ہوئیں، 16 اشیا کی قیمتوں میں استحکام پایا گیا، سستی ہونے والی اشیا میں ٹماٹر، پیاز، دال ماش اور کیلا شامل ہیں۔ اسی طرح گزشتہ ایک ہفتے میں پیٹرول 6 اعشاریہ 36 اور ڈیزل 5 اعشاریہ 06 فیصد مہنگا ہوا ہے جب کہ ایل پی جی کی قیمت میں بھی 2 عشاریہ 33 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔