وزیراعظم نے آئندہ 3 ماہ انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اتحادیوں کیساتھ مل کر 5 سال پورے کریگی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی ہیں، آرمی چیف کی مزید توسیع سے متعلق ابھی نہیں سوچا۔ وزیراعظم عمران خان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کے پی بلدیاتی انتخابات میں شکست سے پارٹی کو نقصان ہوا، تسلیم کیا کہ یہ پارٹی کی تنظیمی سطح پر بڑی ناکامی ہے، تاہم حکومت کی سب سے بڑی ناکامی احتساب کا نہ ہونا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام شواہد کے باوجود کرپشن کرنیوالے لوگ بچ نکل رہے ہیں، اپوزیشن عدم اعتماد لانا چاہتی ہے تو ضرور لائے، ان کرپشن زدہ پارٹیوں سے کوئی خطرہ نہیں، شہباز شریف کے خلاف ٹھوس ثبوت موجود ہیں، کیا کوئی انکار کرسکتا ہے شہباز شریف نے کرپشن نہیں کی۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے پی ٹی آئی کے ووٹ بینک میں کوئی کمی نہیں ہوئی، حکومت کے بہت سے اچھے کاموں کی تشہیر نہیں ہورہی، اتحادیوں کے ساتھ مل کر حکومت 5 سال پورے کرے گی، آئندہ 3 ماہ میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ہوگا، پنجاب حکومت کی کارکردگی سے پوری طرح مطمئن ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ آرمی چیف کو مزید توسیع سے متعلق ابھی سوچا نہیں، نومبر کافی دور ہے، میرے فوجی قیادت کے ساتھ تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں۔