راولپنڈی : آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغانستان میں امن و استحکام کے لئے بامقصد کوششوں پر زور دیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چینی سفیر اور نئے دفاعی اتاشی نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے سے متعلق بھی بات چیت کی گئی، آرمی چیف نے افغانستان میں امن و استحکام کے لئے بامقصد کوششوں پر زور دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے پرامن اور خوشحال افغانستان ناگزیر ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے تمام مثبت کاوشوں کو یکجا کرنا ہو گا۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آرمی چیف کی نئے دفاعی اتاشی کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی، آرمی چیف نے سابقہ دفاعی اتاشی کی کاوشوں کو سراہا۔