آئی سی سی نے نومبر2022ء کیلئے پلیئرآف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ مردوں کی کیٹیگری میں پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی جبکہ ویمن کیٹیگری میں پاکستان کی سدرہ امین کو شامل کیا گیا ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کیخلاف سیمی فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر نامزد کیا گیا ہے جبکہ پہلے نمبر پر انگلینڈ کے جوز بٹلر اور دوسرے پر انگلینڈ کے ہی عادل رشید کو نامزد کیا گیا۔ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، انہوں نے چار اوورز میں صرف 24 رنز دے کر فن ایلن اور کین ولیمسن کی اہم وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی نے انگلینڈ کے خلاف فائنل میں بھی ایلکس ہیلز کی بڑی وکٹ حاصل کی تھی اور اپنا آخری اوور وہ پاؤں میں انجری کی وجہ سے نہیں کراسکے تھے۔ شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سپر 12 مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف چار اوور کے اسپیل میں 22 رنز دیکر چار وکٹیں حاصل کی تھیں جس پر انہیں پلیئر آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ ویمن پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیاں ویمن کیٹیری میں آئرلینڈ کی اوننگ بلے باز گیبی لیوس، تھائی لینڈ کی جارحانہ اوپنر نتھاکن چنتھم اور پاکستان کی اوپننگ بیٹر سدرہ امین کو نامزد کیا گیا ہے۔ سدرہ امین آئرلینڈ کے خلاف پاکستان کی تین میچوں کی ون ڈے ہوم سیریز میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ سدرہ امین نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 176 رنز اور دوسرے میچ میں91 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی اور دونوں میچز میں وہ ناٹ آوٹ رہیں۔ سدرہ امین کو سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 10 رنز پر آؤٹ کر دیا گیا تھا تاہم وہ سیریز کے پہلے دو میچز میں اپنی کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی سیریز کا اعزاز اپنے نام کرنے میں کامیاب رہین اور پاکستان نے اس سیریز میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔