وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کا اختیار وزیر اعظم کے پاس ہے، اس حوالے سے تمام آئینی و قانونی تقاضے پورے کئے جائیں گے۔ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے سربراہ کی تقرری عمل میں لائی جائے گی۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ گزشتہ شب وزیراعظم عمران خان اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے مابین ایک تفصیلی میٹنگ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آرمی چیف ایسا کوئی قدم نہيں اٹھائيں گے جس سے سول سيٹ اپ کی عزت کم ہو جبکہ ويراعظم بھی کوئی ايسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے فوج کی توقیر ميں کمی واقع ہو۔ یہ افواہیں گردش کررہی تھیں کہ وزیراعظم آفس ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے میں تاخیر کررہا تھا۔