ایک ایک شعر کے اندرپوری پوری کہانی بیان ہوجاتی ہے ،معروف ایٹمی سائنسدان پروفیسرڈاکٹر پیرزہ قاسم رضاصدیقی کے شعری مجموعہ کی تقریب رونمائی سے خطاب کراچی : معروف ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ اُردو بہت پیاری زبان ہے جس کے ایک ایک شعر کے اندر پوری پوری کہانی بیان ہوجاتی ہے ، اُردو جتنی شیرینی کسی اور زبان میں نہیں ہے، پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم کا کلام بہت ہی اعلیٰ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضا صدیقی کے شعری مجموعہ بے مسافت سفرکی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا۔ تقریب کا اہتمام ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ کی سماعت گاہ میں کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر پیر زادہ قاسم نے کہا کہ ہم اپنے زمانے میں ایک ایسے کڑے دور سے گزررہے ہیں کہ ہمارا سارا جو ٹھہراؤ اور غوروفکر ہے وہ سب کا سب پیشہ ورانہ زندگیوں کی طرف ہے۔ بہت ہی اعلیٰ قسم کے ڈاکٹر اور انجینئرز ہمارے ادارے تیارکررہے ہیں لیکن یہ جو دل کی طرح زندگی اندردھڑکتی ہے وہ آتی ہے ادب، زبان اور ثقافت سے اور اس کی زندہ مثال بھی ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی شخصیت میں دیکھ لیجئے ۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضاصدیقی جب شاعری کرتے ہیں یا کچھ بیان کرتے ہیں تو بہترین الفاظ کا چناؤکرتے ہیں نہ صرف یہ بلکہ عملی زندگی میں انسانوں کا چناؤ بھی بہترین کرتے ہیں۔ عبدالحسیب خان نے کہا کہ نئے لکھنے والوں کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضاصدیقی کی تحریروں سے استفادہ کریں۔ پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر نے کہا کہ ڈاکٹر پیرزادہ قاسم اور ان جیسی شخصیات نے اس معاشرے میں ادب وتہذیب کی محفلوں کو زندہ رکھا ہے۔