3 کروڑ بل کی ادائیگی ، ٹرین چلنے سے پہلے ہی قومی خزانے پر بوجھ پڑنے لگا لاہور : اورنج ٹرین کے دو ٹیسٹ رن اور تعمیراتی کام 27 لاکھ یونٹ کھا گئے ،2 ٹیسٹ رن اور تعمیراتی کاموں کے دوران 3 کروڑ سے زائد کا بل ادا کرنا پڑ گیا۔ تفصیلات کے مطابق اورنج لائن میٹرو ٹرین چلنے سے پہلے ہی حکومتی خزانے پر بھاری پڑنے لگی ،اورنج لائن ٹرین انتظامیہ نے لیسکو سے 108 میگاواٹ لوڈ منظور کرایا ہے ، اگر لوڈ کے مطابق بجلی استعمال کی گئی تو اعداد و شمار کے مطابق 7 کروڑ 77 لاکھ 60 ہزار یونٹس صرف ہونگے ۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین کے کنکشن 4 ستمبر 2019 میں لگے جس کے بعد اب تک اقبال ٹاؤن ڈویژن اور شاہ نور سٹوڈیو کے گرڈ سٹیشن پر 15 لاکھ سے زائد یونٹ استعمال ہوئے ۔اسی طرح باغبانپورہ ڈویژن میں ڈیرہ حکیماں اور ڈیرہ گجراں میں 13 لاکھ سے زائد یونٹ استعمال ہوئے ،جن کا بل دو کروڑ سے زائد کا بنا تھا،اورنج ٹرین سٹاف کی تنخواہیں اوردیگر معاملات کا تخمینہ الگ ہے ،حکومت کو بلوں کی مد میں 50 سے 60 کروڑ کی سبسڈی دینا ہوگی ۔