اسلام آباد: پارلیمنٹ میں الیکشن ترمیمی بل 2021پیش کرنے کی تحریک منظور ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق انتخابات ترمیمی بل 2021 پیش کرنے کی تحریک منظور ہوگئی۔مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے الیکشن ترمیمی بل 2021 کی تحریک پیش کردی۔تحریک کے حق میں 221 جبکہ تحریک کے خلاف 203 ووٹ پڑے۔ قبل ازیں اسپیکر قومی اسمبلی نے انتخابات ترمیمی بل 2021 کی تحریک پر ووٹنگ کا عمل شروع کیا تھا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بل کے حق میں ارکان نشتوں پر کھڑے ہوجائیں ۔سینیٹ میں دلاور خان گروپ بھی حکومت کی حمایت میں کھڑا ہوگیا۔دلاور خان گروپ کے 6 سینیٹرز نے حکومت کے بل کی حمایت کی ۔ اس کے علاوہ حکومتی و اتحادی ارکان بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔بل کے خلاف ووٹ دینے والوں کی بھی اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے تھے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس جاری ہے ، آج جس میں حکومت الیکٹرونک ووٹنگ مشین کے استعمال، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سمیت انتخابی اصلاحات کے علاوہ کئی اہم بل منظوری کے لیے پیش کرے گی۔ ان بلز کی منظوری کے لیے ایوان میں موجود ارکان کی سادہ اکثریت درکار ہے۔