لاہور: چودھری پرویزالہی کا کہنا ہے امپورٹڈ حکومت نے معیشت تباہ کر دی ہے۔ پرویز الٰہی کی زیر صدارت گوجرانوالہ اورساہیوال ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ وزیراعلی پنجاب نے سیاسی صورتحال، حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور لانگ مارچ کے حوالے سے مشاورت کی۔ اس موقع پر چودھری پرویزالہی نے کہا کہ نااہل حکومت عوام کے سمندر کے سامنے نہیں ٹھہر سکے گی۔ وزیراعلی پنجاب نے منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ و سیکرٹری سپیشل اکنامک زونز اتھارٹی جلال حسن نے ملاقات کی۔ جلال حسن نے پنجاب انویسٹمنٹ کیٹلاگ2022 پیش کی جسے وزیراعلی نے سراہا۔ چودھری پرویزالہی نے کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاروں کو پہلی بار ایک چھت تلے تمام سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ آج پنجاب سرمایہ کاروں کے لئے سب سے محفوظ صوبہ ہے۔