تازہ ترین

امن کو نقصان پہنچانے والی بھارتی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں رہیں گے، پاکستان

امن-کو-نقصان-پہنچانے-والی-بھارتی-تخریب-کاریوں-پر-خاموش-نہیں-رہیں-گے،-پاکستان

وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ پاکستان امن کو نقصان پہنچانے والی بھارتی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں ہوگا۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان آج بھی دہشت گردی کا مقابلہ کررہا ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں، واضح ثبوت ہیں کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کو خطے میں بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، بھارت مسلسل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو ہمیشہ جھٹلاتا رہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بھارت پاکستان میں امن ہی نہیں چاہتا، بھارت کالعدم تنظیم بی ایل اے کو بھی پاکستان کے خلاف استعمال کررہا ہے۔ صرف بھارت کو اگر ذمہ دار نہ بھی سمجھیں تو ماضی اور حالیہ واقعات وہاں سے دہشت گردی ثابت کرتی ہے۔ حنا ربانی کھرنے کہا کہ بھارت کی جانب سے جو کارروائیاں ہورہی ہیں، اس سے خطے کو براہ راست نقصان پہنچ رہا ہے، ہمارے پاس بھارت کے ملوث ہونے ثبوت ہیں، اس بات سے انکار نہیں کہ سی پیک کو متاثر کرنے میں بھی بھارت ملوث ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارت جو کررہا ہے ہم ان پر خاموش نہیں، ہمارے پاس بھارت کی جانب سے تخر یبی کارروائیوں کے ناقابل تردید شواہد ہیں، ہمارے پاس بھارت کے خلاف جو شواہد تھے ان میں سے ہم نے کچھ یو این سیکریٹری جنرل کو بھی پیش کیے، اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کے ارکان سے بھی ڈوزیئر شیئر کیا ہے۔ ہمیں امید ہے بین الاقوامی برادری بھارت کے منفی عزائم پر اس کا احتساب کرے گی۔ حنا ربانی کھر نے کہا کہا بھارت کسی بھی قسم کی مہم جوئی کرسکتا ہے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ ریاستی دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کا معاملہ اٹھائیں گے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں