جلین امریکی ریاست کولوراڈو کی شہری ہیں ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے8 سال پہلے امریکا کو چھوڑ دیا تھا اور اب وہ پاکستان میں رہتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ان سے یہاں سب سے پہلا یہی سوال کیا جاتا ہے کہ وہ پاکستان میں کیوں رہتی ہیں اور وہ یہ سوچتی ہیں کہ کیوں نہیں رہا جا سکتا۔ جلین کہتی ہیں کہ میں نے مختلف ممالک دیکھے اور یہاں آکر رک گئی ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی ایسا ارادہ نہیں رکھا تھا کہ وہ پاکستان میں ہی رہیں گی مگر یہاں کے لوگ اور اس ملک کو دیکھ کر اب ان کا اس کو چھوڑنے کا دل نہیں کرتا۔ جلین کہتی ہیں کہ وہ صرف3 ماہ کیلئے لاہور میں رہنے کیلئے آئی تھیں تاکہ دیکھ سکیں کہ یہاں رہ کر کیسا لگتا ہے اور اب ان کو یہاں رہتے2 سال گزر چکے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہاں پر کام اچھا تھا،یہاں کے لوگ اچھے اور یہاں کا کھانا بہت مزیدار ہے اس لیے وہ لاہور کو نہیں چھوڑ سکیں۔ جلین رقص و موسیقی سے شغف رکھتی ہیں اور بچپن سے بیلے ڈانس کر رہی ہیں بیلے ان کی ثقافت کا کلاسیکل ڈانس ہے جیسے ہماری ثقافت میں کتھک کو سمجھا جاتا ہے۔وہ کہتی ہیں کہ انہوں نے پاکستانی کلچرل ڈانس کو اپنے انداز میں پیش کر کے نئی صنف لاکر لوگوں کی توجہ حاصل کی ہے۔ جلین کہتی ہیں کہ لاہور، اسلام آباد، کراچی اور پشاور جیسے بڑے شہر سیاحت کے لیے بہترین ہیں اور یہاں ہر قسم کی سہولیات موجود ہیں،وہ کہتی ہیں کہ یہاں رہنے کیلئے ان کے پاس جگہ اور شہر میں سفر کرنے کیلئے موٹرسائیکل بھی موجود ہے،جلین کو مختلف جگہوں پر جا کر لوگوں کا ان کو گھورنا اچھا نہیں لگتا مگر وہ کہتی ہیں کہ ایسا کبھی شاذونادر ہی ہوتا ہے۔ جلین کہتی ہیں کہ ان کے گھر والے اگر پاکستان سے متعلق کوئی خبر سنیں تو وہ ان سے اس کی تصدیق کرتے ہیں کیونکہ وہ میڈیا سے زیادہ ان پر یقین کرتے ہیں۔ جلین نے پاکستان کو سیاحت کیلئے بہترین ملک قرار دیا اور یہاں کے لوگوں کو بھرپورمہمان نواز پایا ہے۔