وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حوالے سے تمام اتحادی جماعتوں کے اعتراضات دور کردیئے گئے۔ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ بدھ کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جارہا ہے جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سمیت 8 بل پیش کئے جائیں گے۔ پیر کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور وزیراعظم معاون خصوصی شہباز گل کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں عوامی مسلم لیگ، جی ڈی اے، ایم کیو ایم، ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی کی قیادت کی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی جس میں اتحادیوں کی لیڈر شپ کے اعتراضات کو تفصیل سے سنا اور انہیں دور کیا گیا۔ فواد چوہدری نے مزید کہا کہ تمام اتحادیوں نے پی ٹی آئی اور عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم نے خود تمام پارٹیوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جواب دیے، تمام اتحادی جماعتیں حکومت کے ساتھ کھڑی ہیں۔ فواد چوہدری نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار پر نواز شریف کو جیل میں رکھنے کی ہدایت پر مبنی رپورٹ کو الزام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پر چیف جسٹس نے نوٹس لیا ہے، جس کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید احمد نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ بدھ کو دن 12 بجے اجلاس بلایا جارہا ہے، جس میں 8 بلز پیش کئے جائیں گے، جس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینا بھی شامل ہے۔