نیویار ک : اقوام متحدہ نے پاکستان کے متاثرین سیلاب کی فوری ضروریات پوری کرنے کے لئے اضافی فنڈز کامطالبہ کیاہے۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کے نائب ترجمان فرحان عزیزحق نے صحافیوں کو اپنی معمول کی بریفنگ میں بتایا کہ اقوام متحدہ کی طرف سے اپیل کی گئی 81 کروڑ60 لاکھ ڈالر کی انسانی امداد میں سے صرف اکیس فیصد فنڈز حاصل ہوئے ہیں۔ پاکستان میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کاذکرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تباہ کن سیلاب کو تین ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود آفت ختم ہونے کانام نہیں لے رہی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ لوگوں کی زندگی بچانے کے لئے اضافی فنڈکی اپیل کررہاہے۔ انہوں نے کہاکہ متاثرہ علاقوں میں صاف پانی ،نکاسی اور خوراک کی فراہمی بہت بڑاچیلنج ہے اور کھڑے پانی کے نتیجے میں وبائی بیماریوں میں اضافہ ہواہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہاکہ لاکھوں افرادکوخوراک کی شدیدکمی کا سامناہے جبکہ خاندان اپنے تباہ حال گھروں کو واپس آرہے ہیں جہاں اب صرف تباہ فصلیں اورمردہ مویشی ہیں۔