آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری تنازع میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ نہیں ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مختلف ممالک کے سفیروں کی ملاقات ہوئی ہے،ملاقات میں جرمن،اٹلی،ہالینڈ کے سفیر اورفرانس کے قائم مقام سفیر ملاقات کرنے والوں میں شامل ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں یورپی یونین کے ساتھ دوطرفہ تعاون بڑھانے پربھی بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کا مطلب ہے پاکستان میں امن ہے، افغانستان میں جاری تنازع میں پاکستان کا کوئی پسندیدہ نہیں ہے، ہماری خواہش افغانستان میں امن و استحکام کےلیے تعاون کرنا ہے۔ جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا پاکستان یورپی یونین کے ممالک کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور ہم مشترکہ مفادات کی بنیاد پر باہمی فائدہ مند ملٹی ڈومین تعلقات کو بڑھانے کے لیے پر خلوص ہیں۔