اب بھائی، بیٹے ، سمدھی یا داماد کی سیاست نہیں چلے گی ؛ نیب آزاد ادارہ ،ڈکٹیٹ نہیں کرتے آنیوالے دنوں میں پاکستان کا حقیقی مثبت چہرہ سامنے آئیگا،وفاقی وزیر کی گفتگو لاہور: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے دنیا آج وزیراعظم عمران خان کے بیانیہ کو تسلیم کر رہی ہے ، آنے والے دنوں میں پاکستان کا حقیقی مثبت چہرہ سامنے آئے گا ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھارت میں بیٹھ کر پاکستان کی تعریف کرنا ہماری کامیابی ہے ۔ ایف اے ٹی ایف کے 27میں سے 14 مطالبات پر کام مکمل کر لیا ، آئندہ سال سے ملک میں یکساں نظام تعلیم نافذ کریں گے ۔ملکی خزانہ لوٹنے والے ،حکومت کے خلاف بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈا کر رہے ہیں۔ اب بھائی ، بیٹے ،سمدھی یا داماد کی سیاست نہیں چلے گی ، نیب ایک آزاد ادارہ ہے اسے ڈکٹیٹ نہیں کرتے ،کسی کو انتقام کا نشانہ نہیں بنا رہے ۔جلد اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں واضح کمی آئے گی۔وہ اتوار کے روز اپنے حلقہ میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا پٹرولیم منصوعات میں کمی سے صنعت اور زراعت سے منسلک اشیا کی قیمتوں میں کمی آئے گی،ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 50 فیصد اضافہ ہوا ہے ،کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 70فیصد تک کمی آئی ہے ۔