تازہ ترین

اسٹریٹ کرمنلز سمیت مفرور ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کی ہدایت

اسٹریٹ-کرمنلز-سمیت-مفرور-ملزمان-کے-خلاف-کریک-ڈاؤن-کی-ہدایت

جرائم سے متاثرہ علاقوں میں پولیس پیٹرولنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کو متعلقہ ایس ایچ اوز کی سپرویژن میں بڑھایا جائے ،آئی جیمتعلقہ عدالتوں میں کیسز کی بابت زیر التوا ڈی این اے رپورٹس کو فوری طور پر جمع کرایا جائے، مشتاق مہر کی زیر صدارت خصوصی اجلاس کراچی : آئی جی سندھ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اسٹریٹ کرمنلز سمیت مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے شہر میں امن وامان کی صورتحال اوراس ضمن میں پولیس کے آپریشنل اور انویسٹی گیشن امور پر مشتمل خصوصی اجلاس کی صدارت کی اور ضروری ہدایات دیں ۔اجلاس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد،جرائم، اسٹریٹ کرائمز،مفرور و اشتہاری ملزمان کے خلاف پولیس اقدامات سمیت چالان کیے گئے مقدمات اور زیر التوا چالان کے علاوہ زیرالتوا ڈی این اے رپورٹس پر دی جانیوالی بریفنگ کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی، اجلاس میں شریک تینوں زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز اور ایس ایس پیز انویسٹی گیشن کو ضروری ہدایات دیں۔ آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا وبائی چیلنج بن کر سامنے آیا ہے لہٰذا اس وائرس سے بہتر اورموثراندازمیں نمٹنے کیلئے اشد ضروری ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری رہنما ہدایات پر عملدرآمدکو اس کی روح کے مطابق یقینی بنایا جائے، جس کا مقصد اس وبا کے انسدادی اقدامات کو نہ صرف موثر بنانا بلکہ اسے پھیلنے سے روکنا بھی ہے ۔ انہوں مزید کہا کہ کورونا سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر سے متعلق سینٹرل پولیس آفس سے وقتاً فوقتاً جاری احکامات پر عملدرآمد بھی ہر سطح پر یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ مختلف نوعیت کے جرائم اور اسٹریٹ کرائمز سے متاثرہ علاقوں میں پولیس پیٹرولنگ اور رینڈم اسنیپ چیکنگ کے عمل کو متعلقہ ایس ایچ اوز کی سپرویژن میں نہ صرف بڑھایا جائے بلکہ جامع امورکوموثر اورمربوط بھی بنایا جائے،تھانہ جات کے لحاظ سے ترتیب کردہ فہرستوں کا ازسر نو جائزہ لیکر مختلف نوعیت کے مقدمات میں مفرور اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے ٹاسکنگ کی جائے اور اس حوالے سے بالخصوص قتل، ڈکیتی، رہزنی، اسٹریٹ کرائمز و دیگر سنگین جرائم میں مفرور اور اشتہاری قرار دیے جانیوالے ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن کو فوقیت دی جائے۔آئی جی سندھ نے ان ٹریسڈ مقدمات کی ڈی ٹیکشن اور پینڈنگ چالان کو جلد سے جلد منطقی انجام تک پہنچانے اور حل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ اسی بنیاد پر لیا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متعلقہ عدالتوں میں کیسز کی بابت زیر التوا ڈی این اے رپورٹس کو فوری طور پر جمع کرایا جائے، ایس ایچ اوز، ایس آئی اوز،آئی اوز کی کارکردگی کو بالترتیب آپریشنل اور انویسٹی گیشن کی صلاحیت کی بنیادوں پر پرکھا جائے گا۔ آئی جی سندھ نے پولیس کے شعبہ تفتیش کو زیادہ سے زیادہ وسائل کی فراہمی اور اسکی مزید بہتری جیسے اقدامات پر اپنے بھرپور عزم کا اعادہ کیا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں