تازہ ترین

اسٹاک مارکیٹ میں مندی،ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر

اسٹاک-مارکیٹ-میں-مندی،ڈالر-تاریخ-کی-بلند-ترین-سطح-پر

آئی ایم ایف سے قرض پروگرام کی منظوری میں تاخیر کے باعث امریکی ڈالر کا پاکستانی روپے پر دباؤ بڑھ گیا اور 12نومبر کو انٹر بینک میں امریکی ڈالر مزید 1 روپے 80 پیسے بڑھ گیا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر 177.30روپے کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ اسٹاک مارکیٹ میں بھی صبح سے مندی کا رجحان دیکھا جارہا ہے اور 11 بج کر 55 منٹ پر اسٹاک مارکیٹ انڈیکس میں 432 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد انڈیکس 45 ہزار 915 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مذاکرات کی تاحال بحالی نہ ہونے سے ڈالر کی قدر میں پھر سے اضافہ ہو رہا ہے اور جب تک آئی ایم ایف مذاکرات کے حوالے سے کوئی مثبت نتیجہ سامنے نہیں آتا تب تک روپے پر دباو برقرار رہے گا جب کے سرمایہ کار بھی حصص کی خریدوفروخت میں محتاط رہیں گے جس کے زیر اثر اسٹاک مارکیٹ پر دباو برقرار رہے گا۔ ظفر پراچہ کا کہنا تھا کہ سعودی امداد کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا، اس کے ترسیلات زر اور برآمدات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے تو آئی ایم ایف پروگرام کے علاوہ کوئی ایسی وجہ نظر نہ آتی جس سے ڈالر کی قدر میں اضافہ ہو اور اس وقت ڈالر کو 155 روپے کی سطح پر آجانا چاہیے تھا۔ اُن کا کہنا تھا کہ مشینری کی درآمدات میں اضافہ ہوا ہے جو ایک مثبت چیز ہے کیونکہ جتنا زیادہ مشینری درآمد ہوگی اسی لحاظ سے پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا جو کہ برآمدات کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہوگا۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں