تازہ ترین

اسلام آباد پولیس کا ایک بار پھر رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے انکار

اسلام-آباد-پولیس-کا-ایک-بار-پھر-رانا-ثناء-اللہ-کے-وارنٹ-گرفتاری-کی-تعمیل-سے-انکار

اسلام آباد کی پولیس نے ایک مرتبہ پھر وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرنے سے انکار کردیا۔ راولپنڈی کے سینئر سول جج غلام اکبر نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے ایک بار پھر وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں، سماعت کے بعد رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کے لیے محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے اہلکار مزید ٹیموں کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے۔ اسلام آباد پولیس نے ایک بار پھر رانا ثنااللہ کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرنے سے انکار کردیا، جس پر محکمہ انسداد کرپشن پنجاب کی ٹیم تھانہ سیکرٹریٹ سے مایوس واپس لوٹ گئی۔ اینٹی کرپشن ٹیم کے حکام کا کہنا تھا کہ پولیس نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل سے انکار کردیا، کل عدالت کو تھانہ سیکرٹریٹ میں ہوئی کارروائی سے آگاہ کریں گے۔ دوسری جانب ڈائریکٹر اینٹی کرپشن پنجاب سید انور علی شاہ کا کہنا ہے کہ دستاویز مکمل ہیں، عدالت کو مطمئن کرکے رانا ثنااللہ کا وارنٹ لیا۔ رانا ثنااللہ کو اشتہاری قرار دینے کی استدعا مسترد اس سے قبل راولپنڈی کے سینئر سول جج غلام اکبر نے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ سے متعلق کیس پر سماعت کی۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے دوران سماعت عدالت سے رانا ثناء اللہ کو توہینِ عدالت کا مرتکب کہتے ہوئے انہیں اشتہاری قرار دینے کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ ابھی رانا ثناء اللہ کو اشتہاری قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اینٹی کرپشن ٹیم رانا ثناء اللّٰہ کی گرفتاری کے لیے کوشش جاری رکھے۔ کیس کا پس منظر؟ 2 روز قبل راولپنڈی کی عدالت نے اینٹی کرپشن پنجاب کی درخواست پر وارنٹ گرفتاری جاری کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ محکمہ انسداد بدعنوانی (Anti Curruption Department) نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا تھا کہ رانا ثناء اینٹی کرپشن انکوائری میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔ 8 اکتوبر کو اسلام پولیس نے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرنے سے انکار کردیا تھا۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ عدالت سے جاری وارنٹ پر رانا ثنا اللہ کا پتہ فیصل آباد کا درج ہے، رانا ثنا اللہ نا تو تھانہ کوہسار کی حدود میں رہائش پذیر ہیں اور نہ ہی ان کا کوئی دفتر تھانہ کوہسار میں ہے۔

زیادہ پڑھی جانےوالی خبریں