اسلام آباد: میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ہفتہ وار سستے بازار طویل عرصہ بعد کھول دیئے گئے ۔ جمعہ کو میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز نے ایچ نائن بازار کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ تمام ایس او پیز نافذ ہونگے جنہیں فالو کر کے بازار کھولے گئے ہیں، دیگر سیکٹرز میں لگنے والے ہفتہ وار بازار آئندہ اتوار اور منگل کو کھول دیئے جائیں گے ۔ بازار کھولنے کا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے ، بازار کے 12گیٹس ہیں جہاں سینیٹائزر گیٹس لگائے گئے ہیں، جب تک حکومت کی طرف سے نیا آرڈر نہیں آتا بازار کھلا رہے گا۔ دکاندار اور سٹال ہولڈرز کورونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ بغیر ماسک انٹری نہیں ہوگی، سٹال ہولڈرز گاہکوں کو فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کریں، پرائس کنٹرول کا سسٹم موجود ہے ، انتظامیہ یہ یقینی بناتی ہے کہ ریٹس مناسب ہوں، یہاں آنے کا مقصد ریٹس اور رش چیک کرنا ہے ۔ دکانداروں سے کہا ہے کہ ماسک پہنیں، دکانوں کے آگے نشانات لگائے گئے ہیں تاکہ لوگ آگے نہ آ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کی کوشش کی جائے گی، بازار میں پرائس کنٹرول کمیٹی موجود ہے ، بازار کی انتظامیہ ریٹ لسٹ پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ دار ہے ، سستے بازار میں سستی چیزیں نہ ملیں تو کیا فائدہ۔