اسلام آباد پولیس کا سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار
شائع شدہ تاریخ 09 جون, 2020
اسلام آباد پولیس نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس کے لیگل سیکشن کا کہنا ہے کہ سنتھیا رچی بظاہر تعزیرات پاکستان کے سیکشن 500 کے تحت بے نظیر بھٹو کی توہین کی مرتکب ہوئی۔ لیگل سیکشن کے مطابق سینتھیا رچی کے خلاف کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے دائرہ کار میں آتی ہے۔ پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر افتخار شہزادہ نے امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے رجوع کیا تھا۔ اسلام آباد کی مقامی عدالت میں بھی مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دائر کی گئی ہے لیکن عدالتی نوٹس کے باوجود پیشرفت نہ ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو دوبارہ نوٹس جاری کیا۔ خیال رہے کہ سنتھیا رچی نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین کی جانب سے خودکو ہراساں کرنے کا الزام لگایا ہے۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی ہے اور پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کرلیا ہے اور رحمان ملک نے انہیں ہرجانے کا نوٹس بھی بھجوایا ہے۔