انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن پاکستان کو تجارتی فنانسنگ کے لیے 76.1 کروڑ ڈالر فراہم کرے گا۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق یہ فنانسنگ آئی ایف ٹی سی پاکستان کے لیے 3 سال کے لیے 4.5 ارب ڈالر کی فنانسنگ ونڈو کا حصہ ہے، جس کی رقم تیل اور گیس کی درآمد کے لیے مختص کی گئی ہے۔ وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب کا کہنا ہے کہ مضبوط معاشی بحالی اور زیادہ مانگ کی وجہ سے، فنانسنگ کو 30 کروڑ ڈالر سے بڑھا کر 76.1 کروڑ ڈالر کر دیا گیا ہے۔ آئی ٹی ایف سی کی فنانسنگ شرح مبادلہ پر دباؤ کو کم کرنے اور غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں بھی مدد کرے گی یہ فنانسنگ کی سہولت پاکستان کی مضبوط معاشی بحالی پر بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے اعتماد کی عکاسی کرتی ہے۔ عمر ایوب کے مطابق آئی ایف ٹی سی نے 4.5 ارب امریکی ڈالر کی فنانسنگ ونڈو کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے مستقبل میں بھی اپنا تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ واضح رہے انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) نے رواں سال جون میں پاکستان کو ساڑھے 4 ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پاکستان کو تین سال میں ہر سال ڈیڑھ ارب ڈالر ملنے تھے۔ اس قرض سے پاکستان خام تیل اور ایل این جی درآمد کرے گا۔ یہ رقم پارکو، پی ایس او اور پاکستان ایل این جی کو فراہم کی جائے گی۔