ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے قومی ہیرو ارشد ندیم کو وقار ذکا کی جانب سے 10 لاکھ روپے بطور انعام دیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں بہترین کارکردگی دکھانے کے بعد ارشد ندیم وطن واپس پہنچ گئے۔ لاہور ایئرپورٹ پر ان کے چاہنے والوں کی طرف سے شاندار استقبال کیا گیا۔ چئیرمین ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان وقار ذکا نے پاکستان سپورٹس بورڈ کی ٹیم کے ہمراہ نوجوان کھلاڑی کو ویلکم کیا اور دس لاکھ نقد انعام کا تحفہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر وقار ذکا کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم واحد پاکستانی کھلاڑی ہیں جنہوں نے اولمپکس میں کوالیفائی کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارشد ندیم کی وجہ سے پاکستانی نوجوانوں کا اولمپکس کی طرف رجحان بڑھ گیا ہے۔جس کی وجہ سے مستقبل میں گولڈ میڈل جیتنے کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔ چئیرمین ٹیکنالوجی موومنٹ پاکستان نے مزید کہا کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے۔