سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج بروز جمعرات 5 جنوری کو ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی جائے گی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے سینیر صحافی ارشد شریف قتل ازخود نوٹس کیس کو دو روز قبل سماعت کیلئے مقرر کیا تھا۔ کیس کی سماعت آج دن ایک بجے ہوگی۔ گزشتہ سماعت پر جے آئی ٹی سے پیشرفت رپورٹ طلب کی گئی تھی۔ آج ہونے والی سماعت میں وفاقی پولیس انکوائری رپورٹ عدالت میں جمع کرائے گی۔ اس سے قبل رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے ارشد شریف کی کینیا میں کی گئی پوسٹ مارٹم رپورٹ پر اعتراض لگایا تھا۔ جے آئی ٹی نے پیشرفت رپورٹ میں اعتراض دور کیا جس کے بعد اعتراض دور ہونے پر رجسٹرار آفس نے پیشرفت رپورٹ وصول کرلی تھی۔ واضح رہے کہ معروف صحافی و سینیر اینکر پرسن ارشد شریف کو گزشتہ سال 24 اکتوبر کو کینیا میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی حکومت نے اس قتل کی تحقیقات کے لئے ٹیم بنا کر کینیا بھیجی تھی۔ دوسری جانب سینیر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف قتل کیس میں خصوصی مشترکا تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) 15 جنوری کو کینیا جائے گی اور وہاں قتل کے شواہد جمع کرے گی۔۔ رپورٹ کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم کینیا سے ارشد شریف کے قتل کی پوسٹ مارٹم کی رپورٹ حاصل کرے گی، جو ملتے ہی سپریم کورٹ میں جمع کروادی جائے گی۔