لاہور:سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نےایوارڈز شوز سے متعلق انکشاف کیا ہے کہ ایسے شوز میں لوگوں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرکے ان کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ اسٹریمنگ ویب سائٹ اور پلیٹ فارمز کے آنے سے مواد میں بہتری ہوئی ہے، تاہم اس کے باوجود وہ والا مزہ نہیں جو ماضی میں ہوتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ایک جیسی ہی کہانیاں بنائی جا رہی ہیں، خواتین کو مجبور عورت کے کردار دیے جانے سمیت انہیں کمزور کردار دیے جاتے ہیں۔ شگفتہ اعجاز کا کہنا تھا کہ ماضی میں لوگ کئی کئی گھنٹے اپنی پسند کے اداکار کے ڈرامے کا انتظار کرتے تھے مگر آج ایسا نہیں ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایوارڈز کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے ہی لگالیں کہ اگر کسی بھی اداکار کو نامزد کیا جاتا ہے تو اس پر دباؤ ہوتا ہے کہ وہ لازمی طور پر شو میں شرکت کرے، دوسری صورت میں اسے ایوارڈ نہیں دیا جاتا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کل کے ایوارڈز شوز میں پی ٹی وی کے زمانے کے اداکاروں کو نہ تو بلایا جاتا ہے اور نہ ہی انہیں ایوارڈز دیے جاتے ہیں، کیوں کہ وہ ’گلیمرس‘ سے دور ہیں۔