فیصل آباد: ضلع میں احساس ایمرجنسی کیش اور وزیر اعلیٰ پنجاب انصاف امداد پروگرام کے تحت تین ارب روپے سے زائد کی مالی امداد دو لاکھ 54ہزار 538 مستحقین میں تقسیم کی جاچکی ہے ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد علی نے بتائی۔انہوں نے بتایا احساس ایمرجنسی کیش و امداد پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلع میں 20 سنٹرز پر مالی امداد کی تقسیم کے عمل کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا سنٹرز پر مردوخواتین کے بیٹھنے کے لئے الگ الگ سایہ دار انتظامات سمیت دیگر ضروری اقدامات کو ہر لحاظ سے مکمل رکھا ہوا ہے جبکہ انسداد کورونا اقدامات پر بھی حکومتی ہدایات کے مطابق عملدرآمد جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا ضلعی انتظامیہ احساس پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھارہی ہے ، اس ضمن میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے افسروں سے بھی قریبی رابطہ ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی سنٹرز پر ضروری انتظامات کی سو فیصد دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔