آسٹریلیا میں بونڈی بیچ حملہ، داعش سے تعلقات کا دعویٰ
شائع شدہ تاریخ 15 دسمبر, 2025
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بونڈی بیچ پر حملہ کرنے والے ایک حملہ آور سے 6 سال قبل داعش سے روابط کے شبے میں تحقیقات بھی کی گئیں، حملہ آور آسٹریلین انٹیلی جنس ایجنسی کی نظروں میں تھا۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق جوائنٹ کاؤنٹر ٹیررازم ٹیم کا خیال ہے کہ نوید اکرم اور ساجد اکرم نے داعش سے وفاداری کا عہد کیا تھا، بونڈی بیچ پر ان کی گاڑی میں داعش کے دو جھنڈے ملے ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کا بتانا ہے کہ نوید اکرم پولیس کی نگرانی میں اسپتال میں زیر علاج ہے جب کہ اس کے والد کو پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔
واقعے کا پس منظر
گزشتہ روز آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر مسلح افراد نے شہریوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 16 افراد ہلاک اور40 زخمی ہوگئے تاہم پولیس کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا ایک شخص مارا گیا اور دوسرے حملہ آور کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا۔
نیو ساؤتھ ویلز پولیس نے واقعے سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایاکہ ساحل پر یہودیوں کی تقریب کے دوران فائرنگ کرنے والے دونوں حملہ آور باپ بیٹا تھے جن میں سے ایک ہلاک ہوگیا جب کہ دوسرا حملہ آور شدید زخمی حالت میں ہے۔