مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے مالی سال 23-2022 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ عبدالماجد خان آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کا بجٹ پیش کریں گے ۔وزیراعظم سردار تنویرالیاس کی زیرصدارت کابینہ اجلاس نے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اجلاس میں حریت رہنما یاسین ملک کی گرفتاری اور غیر منصفانہ سزا کے خلاف قرارداد بھی منظورکی گئی۔ اجلاس میں افغانستان زلزلہ متاثرین کیلئے وزراء اور گزیٹیڈ آفیسرز کی ایک دن کی تنخواہ دینے کا اعلان بھی کیا گیا،اجلا س میں بھارتی وزیر دفاع کی آزاد کشمیر پر حملے کی دھمکی کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی مسلسل جاری ہے، جس کی پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے بعد سے اب تک 636 سے زائد کشمیریوں نے جعلی مقابلوں اور نام نہاد ‘کورڈن اینڈ سرچ آپریشنزمیں جامِ شہادت نوش کی۔ رواں سال کشمیریوں کے 113 ماورائے عدالت قتل ریکارڈ کیے گئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیری عوام کے خلاف طاقت کا وحشیانہ استعمال، ماورائے عدالت قتل، حراستی تشدد اور ہلاکتیں، جبری گمشدگیاں، کشمیری قیادت اور نوجوانوں کی قید و بند اور محکومی کے دیگر طریقے ماضی میں ناکام ہوئے اور آئندہ بھی کامیاب نہیں ہوں گے۔