آزاد کشمیر میں ن لیگ کو مینڈیٹ مل گیا، اب وعدوں کی باری ہے: رانا ثنا اللہ
شائع شدہ تاریخ 07 اگست, 2026
حویلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کشمیریوں نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے،آزاد کشمیر کا مینڈیٹ مسلم لیگ ن کو مل چکا ہے، اب تک الیکشن میں مسلم لیگ ن 24 سیٹیں حاصل کرچکی ہے جبکہ 23 سیٹیں آزادکشمیر حکومت بنانے کے لیے کافی ہیں۔
ان کا کہنا تھا جس طرح آزاد کشمیر میں صاف و شفاف الیکشن ہوئے اس کی مثال نہیں ملتی، آزاد کشمیر کے لوگوں نے نواز شریف کے وعدوں پر اعتبار کیا ہے، تمام وعدے جو آپ سے کئے گئے ہیں اسے پورا کرنے کا وقت آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ترقی اس وقت ہوئی جب پاکستان اور آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت آئی، مسلم لیگ ن کشمیر میں تعمیر و ترقی کی مثال قائم کرے گی، جس طرح کے منصوبے پنجاب میں شروع کیے گئے ہیں اسی طرح کے منصوبے کشمیر میں بھی شروع ہوں گے۔
کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، ہم اپنا حق لے کر رہیں گے: امیر مقام
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان امیر مقام کا کہنا تھا لائن آف کنٹرول کے عوام پاکستان کا فخر ہیں، ایل او سی کے عوام نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں، مسلم لیگ ن کی قیادت ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی۔