اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے جے یوآئی (ف) کو آزادی مارچ کے لیے این او سی جاری کردیا تاہم پولیس اور اسپیشل برانچ نے این او سی جاری کرنے کی مخالفت کی تھی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی دارالحکومت کی ضلعی انتظامیہ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو آزادی مارچ کے لیے مشروط این او سی جاری کردیا جس کے تحت مارچ میں 18 سال سےکم عمر بچے شرکت نہیں کرسکیں گے۔ این او سی کے مطابق ریاست، مذہب اور نظریاتی مخالف نعرے بازی اور تقاریر نہیں ہوں گی، کسی سیاسی جماعت کے جھنڈے اور پتلے نہیں جلائے جائیں گے، مارچ کے شرکا قومی املاک کو کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچائیں گے اور سڑکیں اور راستے بھی بند نہیں کریں گے، واک تھرو گیٹس نصب کرنے کے لیے اسلام آباد پولیس معاونت کرے گی، منتظمین جلسہ گاہ میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں گے اور کیمروں کی مانیٹرنگ اسلام آباد پولیس کرے گی۔ این او سی کے متن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی پولیس اور ذیلی ادارے اسپیشل برانچ نے جلسے کی اجازت دینے کی مخالفت کی لیکن ضلعی حکومت اس کے باوجود مارچ کے لیے مشروط اجازت دے رہی ہے، آزادی مارچ کے شرکا تمام شرائط کی سختی سے پاس داری کریں، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی ہوگی اور این او سی منسوخ سمجھا جائے گا۔