واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دوسری تین سالہ مدت پوری ہونے پر سُبک دوش ہونے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ظہرانے میں شرکت کی، آرمی چیف نے ظہرانے میں غیر رسمی بات چیت میں ریٹائر ہونے کا بھی عندیہ دیا۔ انھوں ںے کہا مسلح افواج نے خود کو سیاست سے دور کر لیا ہے، اور سیاست سے اسی طرح دور رہنا چاہتی ہیں، ہم اپنے وعدے کے مطابق عمل کریں گے۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ لاغر ملکی معیشت کو بحال کرنا معاشرے کی تمام طبقات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گی۔ دریں اثنا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ امریکا میں اہم ملاقاتیں کیں، وہ وزیر دفاع جنرل ریٹائرڈ لائیڈ جیمز آسٹن، مشیر قومی سلامتی جیکب سلی وان اور نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے ملے، ان ملاقاتوں میں باہمی دل چسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورت حال اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آرمی چیف نے سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں امریکی تعاون پر اظہار تشکر کیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عالمی شراکت داروں کے تعاون سے سیلاب زدگان کی جلد بحالی ممکن ہوگی، پاکستان امریکا میں سمندری طوفان کے نقصانات اور متاثرین کے درد کو بخوبی سمجھتا ہے۔