یوٹیوب نے ویوز گننے کا نظام بدل دیا، کریئیٹرز کیلئے اہم خبر
شائع شدہ تاریخ 19 اگست, 2026
میڈیا رپورٹ کے مطابق یوٹیوب نے ویڈیوز کے ویوز گننے کے طریقہ کار میں بڑی تبدیلی کا اعلان کردیا ہے، جس کا اطلاق 24 اگست 2026 سے ہوگا۔
نئے نظام کے تحت کسی ویڈیو کے پلے ہوتے ہی اسے ایک ویو شمار کیا جائے گا، جبکہ لائیو براڈ کاسٹ میں صارف کے داخل ہوتے ہی ویو شمار ہوجائے گا۔
اس سے قبل عام ویڈیو کا ویو شمار ہونے کے لیے کم از کم 30 سیکنڈ تک ویڈیو دیکھنا ضروری تھا، یوٹیوب کے مطابق نئے طریقہ کار کا مقصد تمام فارمیٹس، یعنی عام ویڈیوز، شارٹس اور لائیو اسٹریمز میں ویوز کی پیمائش کو یکساں بنانا اور کریئیٹرز کو اپنی حقیقی ناظرین تک رسائی بہتر انداز میں ظاہر کرنے میں مدد دینا ہے۔
یوٹیوب نے واضح کیا ہے کہ ویوز گننے کے طریقے میں تبدیلی سے کریئیٹرز کی آمدنی یا یوٹیوب پارٹنر پروگرام (وائی پی پی ) کے لیے اہلیت متاثر نہیں ہوگی۔
کریئیٹرز یوٹیوب اینالیٹکس میں پرانا ویو میٹرک بھی دیکھ سکیں گے، جس سے انہیں یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ کتنے صارفین نے ویڈیو کے ابتدائی لمحات کے بعد بھی اسے دیکھنا جاری رکھا۔
کمپنی کے مطابق آمدنی کے لیے ’انگیجڈ شارٹس ویوز‘ اور ’انگیج واچ آورز‘ جیسے میٹرکس استعمال ہوتے رہیں گے۔ اسی طرح یوٹیوب پارٹنر پروگرام میں اہلیت کے لیے ’کوالیفائیڈ شارٹس ویوز‘ اور ’کوالیفائیڈ واچ آورز‘ کو بنیاد بنایا جائے گا۔
تاہم نئے کریئیٹرز کے لیے یوٹیوب کے اشتہاری آمدنی پروگرام میں شامل ہونے کی شرائط یکم فروری 2027سے مزید سخت ہوجائیں گی۔
نئی شرائط کے تحت گزشتہ 12 ماہ میں 8 ہزار کوالیفائیڈ واچ آورز درکار ہوں گے جو اس وقت 4 ہزار ہیں، جبکہ شارٹس کے لیے گزشتہ 90 دن میں 2 کروڑ کوالیفائیڈ ویوز درکار ہوں گے، جو موجودہ 1 کروڑ کی شرط سے دوگنے ہیں۔
یوٹیوب کے نئے فیصلے پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے، بعض صارفین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ویڈیو شروع ہوتے ہی ویو شمار کرنے سے کم معیار یا مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ غیرمعیاری مواد بنانے والوں کو فائدہ ہوسکتا ہے، جبکہ بعض نے اسے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے طریقہ کار سے مماثل قرار دیا ہے۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ نئی تبدیلی کا بنیادی مقصد مختلف فارمیٹس میں ویوز کی پیمائش کو آسان اور یکساں بنانا ہے، جبکہ کریئیٹرز کو اپنی حقیقی آڈیئنس ایکسپوژر سمجھنے کے لیے اضافی اینالیٹکس دستیاب رہیں گے۔