میٹا پر بچوں کی ذہنی صحت سے متعلق بڑا جرمانہ عائد

شائع شدہ تاریخ 07 اگست, 2026
میٹا-پر-بچوں-کی-ذہنی-صحت-سے-متعلق-بڑا-جرمانہ-عائد

نیو میکسیکو کی عدالت نے یہ فیصلہ میٹا کے خلاف زیرسماعت تاریخ ساز مقدمے کے دوسرے مرحلے کے دوران سنایا۔

مارچ 2026 میں سوشل میڈیا کمپنی اس مقدمے میں شکست کا سامنا ہوا تھا۔

اس وقت عدالتی جیوری نے دریافت کیا تھا کہ کمپنی دانستہ طور پر بچوں کی ذہنی صحت کو نقصان پہنچا رہی ہے جبکہ بچوں کے جنسی استحصال کی تفصیلات کو چھپا رہی ہے، جس پر 37 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

اب عدالت نے نئے فیصلے میں کمپنی پر مزید 56 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور مجموعی جرمانہ 94 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز ہوگیا ہے۔

عدالت کے جج برائن بائیڈشیلڈ نے بتایا کہ جرمانے کی رقم میں سے 42 کروڑ ڈالرز نیو میکسیکو میں نوجوانوں کو طبی علاج فراہم کرنے والی سروسز کو دیے جائیں گے۔

اسی طرح باقی رقم شعور اجاگر کرنے، سروسز اسکریننگ اور دیگر شعبوں میں آئندہ 5 برسوں کے دوران خرچ کی جائے گی۔

مارچ میں عدالتی سماعت کے دوران دریافت کیا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ہونے والی چیزوں کی ذمہ دار میٹا کمپنی ہے۔

عدالتی سماعت کے دوسرے مرحلے کا آغاز مئی میں ہوا اور پراسیکیوٹرز نے عدالت سے مطالبہ کیا تھا کہ میٹا کے اندر بنیادی تبدیلیاں کی جائیں تاکہ اس کے ان فیچرز کو کنٹرول کیا جاسکے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو لت بنا دیتے ہیں، عمر کی شناخت کے طریقہ کار کو بہتر بنایا جائے جبکہ بچوں کے جنسی استحصال کی روک تھام کی جائے۔

عدالت فیصلے میں دیگر تبدیلیوں کی ہدایت بھی کی گئی ہے جس میں فیس بک اور انسٹا گرام کے لیے بینر اور انفارمیشنل اسکرینز تیار کی جائے جس میں واضح طور پر حفاظتی فیچرز اور ٹولز کی وضاحت کی جائے۔

ان تبدیلیوں کے ساتھ نیو میکسیکو میں ایک تعلیمی مہم بھی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی۔

دوسری جانب میٹا کے ایک ترجمان نے کہا کہ کمپنی عدالتی فیصلے سے اتفاق نہیں کرتی اور اس کے خلاف اپیل کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

ترجمان کے مطابق ہم اپنے پلیٹ فارم پر لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سخت محنت کر رہے ہیں، جس کے لیے برے عناصر اور نقصان دہ مواد کو ہٹانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔