میر رضا کیس میں اہم پیش رفت، قبر کشائی مکمل، نمونے حاصل
شائع شدہ تاریخ 08 اگست, 2026
میر رضا کی قبر کشائی کے دوران میڈیکل بورڈ کے ارکان، میر رضا کے اہلخانہ اور وکیل جبران ناصر بھی سوسائٹی قبرستان میں موجود رہے۔ پولیس سرجن، سربراہ شناخت پروجیکٹ اورمجسٹریٹ بھی قبرستان میں موجود رہے، اس موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
میڈیکل بورڈ ممبر نے بتایا کہ میر رضا کے پوسٹ مارٹم کی تمام تر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، میر رضا کی لاش سے مختلف نمونے حاصل کیے گئے ہیں، ملنے والے نمونوں کو کیمیائی تجزیہ کے لیے بھیجا جائےگا، اب قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے میر رضا کے والد میر حسین کا کہنا تھا قبر کشائی کی کارروائی سے مطمئن ہوں، دعا ہے پوسٹ مارٹم میں جو کچھ پہلے ہوا اب نہ ہو، جو بھی رپورٹ آئے گی تسلیم کریں گے۔
ان کا کہنا تھا بیٹے کے حوالےسے ایک آڈیو چل رہی ہے وہ بیٹے کی نہیں ہے، کیس کو خراب کرنے کے لیے یہ سب کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ میر رضا کے اہلخانہ نے 5 رکنی بورڈ مسترد کر دیا تھا جس کے بعد حکومت نے دوبارہ پرانا میڈیکل بورڈ بحال کر دیا تھا۔