بلوچستان میں فورسز کی بڑی کارروائی، 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک
شائع شدہ تاریخ 22 جولائی, 2026
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں جس میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، ضلع سوراب میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ مستونگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور دو خواتین خودکش بمباروں سمیت ان کے سہولت کار کو حراست میں بھی لے لیا۔
شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
وزیرِاعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کےخلاف کامیاب آپریشن اور 2 خودکش بمبارخواتین سمیت سہولت کار کو گرفتارکرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں، مجھ سمیت قوم افواج پاکستان کے وطن کی حفاظت کے عزم میں ان کےشانہ بشانہ ہے۔