بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کیلئے بڑی خوشخبری، بڑا ریلیف مل گیا

شائع شدہ تاریخ 01 ستمبر, 2026
بانی-پی-ٹی-آئی-اور-بشریٰ-بی-بی-کیلئے-بڑی-خوشخبری،-بڑا-ریلیف-مل-گیا

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کو قید تنہائی میں رکھنے سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے درخواستیں قابل سماعت قرار دے دیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے درخواستوں پر فیصلہ سنایا، عدالت نے نصرت بھٹو کیس اور بیگم شمیم آفریدی کیس کے فیصلوں کی روشنی میں درخواستیں قابلِ سماعت قرار دیں۔

بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خانم جبکہ بشریٰ بی بی کی جانب سے مبشرہ خاور نے قید تنہائی کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔

عدالت نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ملاقات کرائی جائے جبکہ جیل قوانین کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو اہلخانہ سے ملاقات کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔

فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کو اپنے بیٹوں سے ٹیلی فونک گفتگو کی اجازت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تاہم عدالت نے قرار دیا کہ اگر اس گفتگو کی آڈیوز سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کی گئیں تو یہ سہولت واپس لی جاسکتی ہے۔

عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو روزانہ کی بنیاد پر اخبارات اور کتابیں فراہم کرنے اور جیل رولز کے مطابق طبی سہولیات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

فیصلے کے مطابق جیل سپرنٹنڈنٹ یقینی بنائیں کہ بشریٰ بی بی کو بھی قید تنہائی میں نہ رکھا جائے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواستیں ہدایات کے ساتھ نمٹاتے ہوئے جیل سپرنٹنڈنٹ کو 15 روز میں عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔