اڈیالہ جیل میں گزرے وقت کا ذکر، مریم نواز نے جیل اصلاحات کی وجہ بتا دی
شائع شدہ تاریخ 03 جولائی, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جیل اصلاحات پر جوڈیشل کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے اس میں 45جیلیں ہیں، 39ہزارکی گنجائش ہے لیکن 70ہزار سے زیادہ قیدی ہیںِ۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے جیل اصلاحات کی ہیں، قیدیوں کو سہولیات دی ہیں جو بھی قیدیوں کے لیے ریفارمز ہیں اس کے پیچھے میرے جیل کے دوران کے تجربات ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں اڈیالہ میں قیدِ تنہائی میں رکھا گیا ، جیل میں جس پر گزرتی ہے وہی جانتا ہے ، جیل میں کوئی پرائیویسی نہیں تھی ، جیل کے کمرے میں ایک سائیڈ پر واش روم تھا اور دوسرا حصہ سونے کے لیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آتی تھی کہ جائے نماز کہاں بچھائیں ، ہاتھ کانپ رہے تھے ، گڑ والی بوتل گر کر ٹوٹ گئی ، جو گزری اس کو دیکھ کر جیل اصلاحات کیں، پنجاب کی جیلوں میں تمام قیدیوں کے لیے ویڈیو لنک کی سہولت ہے ۔
وزیراعلیٰ سندھ کا خطاب
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قانون کا احترام سب پرلازم ہے ، سندھ حکومت جیلوں میں جامع اصلاحات کررہی ہے ، بحالی مراکز قائم کیے گئے ہیں ، جیلوں میں لانے سے پہلے قیدیوں کی اسکریننگ کی جاتی ہے ، ایسے اقدامات کررہے ہیں کہ قیدی سزا کے بعد ذمے دار شہری بن جائیں ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا خطاب
وزیر اعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے جیل اصلاحات کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جیل اصلاحات کا آغاز اڈیالہ جیل سے ہونا چاہیے ، اڈیالہ جیل کے باہر ملاقاتیوں کے لیے انتظار گاہ بنائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا میں قیدیوں کو تمام سہولیات دی جارہی ہے ، بانی پی ٹی آئی کی ان کے بیٹوں کے ساتھ ویڈیو لنک پر بات کروائی جائے ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم نے جیلوں میں اصلاحات کی ہے ، ای وزیٹنگ کا اہتمام کیا اور قیدیوں کو ویڈیوکال کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا خطاب
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے جیل اصلاحات پرجوڈیشل کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان میں جیل اصلاحات اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے حوالے سے متعدد اقدامات کیے ہیں۔مسیحی قیدیوں کو عبادت کی سہولت کو بھی فراہم کیا ہے۔